کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 26ویں کانووکیشن میںایک ہزار سے زائدطلبا و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں اور امتیازی نمبروں سے اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں بالترتیب طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے تقسیم کئے گئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبہ سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری، جبکہ مہمانِ اعزازی سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، لیفٹنٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر اورممتاز بزنس مین سردار یاسین ملک تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عصرِ حاضر سافٹ ویئر پر مبنی ڈیجیٹل ایپلی کیشن اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا دور ہے۔موجودہ ماحول میں صرف علم اور ہنر کی اہمیت ہے۔روزگار کے مواقع محدود اور غیر متوقع ہیں۔اس لیے ضروری ہے کہ گریجویٹس انٹرپرینورشپ کو ترجیح دیں اور اپنے علم و ہنر کو مستقل اپ ڈیٹ کرتے رہیں اور عصر حاضر کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے اپنے آپ کو ہم آہنگ رکھیں۔ چیلنجزبہت ہیں، مگر جیت اسی کی ہے جو ان سے نمٹنا بخوبی جانتا ہو۔ سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ تعلیمی نظامِ میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے اور نوجوانوں کا رجحان سافٹ ویئر پر مبنی ڈیجیٹل ایپلیکیشنز کی طرف بڑھ رہا ہے جو ان کے لیے ملازمت کے حصول کو آسان بنا رہا ہے۔اکیسویں صدی میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہماری ضرورت بن چکی ہے۔اب ہمارے نوجوان گھر بیٹھے کاروبارچلارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اب جامعات کا کام طلبا کو صرف ڈگری دینے تک محدود نہیں رہا بلکہ طلبا کو صنعت اور معیشت سے جوڑنے کی ذمہ داری بھی جامعات پر عائد ہوتی ہے۔ سرسید یونیورسٹی عالمی معیار کے گریجوٹس تیار کررہی ہے جو نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا نام اور مقام بنارہے ہیں اور اپنی مادرِ علمی کا نام روشن کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرولی الدین نے کہا کہ اب آپ عملی زندگی کے دشوارگزار راستے پر قدم رکھنے جارہے ہیں جہاں آپ کو لاتعداد چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا جن سے نمٹنے کے لیے آپ کی قابلیت اور مہارت کام آئے گی اورتجربات سے آپ بہت کچھ سیکھیں گے۔رجسٹرار سید سرفراز علی نے کانوکیشن کی تقریب کی نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد سرسیدیونیورسٹی کو عالمی پایہ کی ایک بہترین یونیورسٹی بنانا ہے۔ ہماری جامعہ طلبا کی تعلیم اور تربیت کو مرکزی حیثیت دیتی ہے اور انداز میں ان کو پروان چڑھاتی ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری اور ترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے ریسرچ جرنل اور نیوز لیٹر کے کنوینئر مختار احمد نقوی کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں طلائی تمغہ سے نوازا گیا۔اختتامِ تقریب پر سرسیدیونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے لائیو ترانہ علیگڑھ پیش کیا۔