جامعہ گوادر کے طلبا کو چینی سفیر کی جانب سے خصوصی اسکالرشپ

Mar 15, 2023


گوادر (بیورورپورٹ) یونیورسٹی آف گوادر میں طلبا کے لیے چینی سفیر کی خصوصی اسکالرشپ ایوارڈ لیٹر تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جامعہ گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے طلبا میں ایوارڈ لیٹر تقسیم کئے۔تقریب میں رجسٹرار یونیورسٹی آف گوادر دولت خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، فنانشل ایڈ اینڈ سکالرشپ کے ڈائریکٹر شہیک علی، ڈائریکٹر آف سٹوڈنٹس افیئرز سعدیہ نصیراور دیگر فیکلٹی ممبران اور ایڈمن سٹاف نے شرکت کی۔گوادر میں منعقدہ تقریب میں جمہوریہ چین کے سفیر نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انہیں طلبا کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ان اساتذہ کے لیے انتہائی احترام کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے ان شاندار طلبا کو تربیت دی۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سے ملک و قوم کی امیدیں وابستہ کرتے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ گوادر کے ہر نوجوان طالب علم کا مستقبل روشن ہوگا اور وہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اسکالر شپ کے لیے ایوارڈ لیٹر حاصل کرنے والے کے طلبہ کو وظائف کی فراہمی کے لیے فراخدلی سے عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے گوادر یونیورسٹی کے طلبا کے اعلی تعلیم کے حصول کے اپنے مستقبل کے خوابوں کے تعاقب میں چینی سفیر کے تعاون اور فراخدلی کو بھی سراہا۔وائس چانسلر نے ڈائریکٹر فنانشل ایڈ شہیک علی کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی گوادر اپنے طلبا کو ایسے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں