لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاو¿نڈیشن اور آغوش یو کے کے تحت مانچسٹر میں’ری بلڈ ترکیہ سیریااینڈپاکستان‘ کے نام سے ڈونر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ڈونر کانفرنس کا مقصدترکیہ اور شام کے زلزلہ اور پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر نو کے پراجیکٹس کے لیے عطیات جمع کرنا تھا۔ تقریب میں الخدمت فاو¿نڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور ،آغوش یوکے کے چیئرمین ڈاکٹر عدیل ریاض، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر اور مخیر حضرات سمیت پاکستانی کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاو¿نڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی خدمت کا ایک معتبر نام بن چکا ہے اور کسی بھی نا گہانی آفت اور سال بھر جاری رہنے والے خدمت خلق کی سرگرمیوں سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ آغوش یوکے چیئرمین ڈاکٹر عدیل ریاض نے کہا کہ الخدمت فاو¿نڈیشن کی مینجمنٹ اور رضاکاروں نے حالیہ سیلاب میں جس انتھک محنت سے کام کیا ، وہ وطن سے دور رہنے والوں کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔