لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی درخواست پر معروف صنعتکار اور مخیر حضرات بے سہارا بچوں کا سہارا بنیں گے۔ گوہر اعجاز، میاں احسن، انوار غنی اور فواد مختار نے وزیراعلیٰ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پنجاب کے 12 چلڈرن ہومز اور 3کاشانہ مراکز کا انتظام سنبھالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چلڈرن ہومز اور کاشانہ مراکز میں 611 بچے اور بچیاں زیر کفالت ہیں۔ محسن نقوی کی ہدایت پر بے سہارا بچوں کے سنٹرز اور کاشانہ کا انتظام صنعتکاروں اور مخیر حضرات کے ادارے لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اورحکومت پنجاب کے درمیان اس ضمن میں جلد معاہدہ ہوگا۔ چلڈرن ہومز اور کاشانہ مراکز کے بچوں کو قابلیت کے مطابق اچھے نجی سکولوں میں داخل کرایا جائے گا۔ پنجاب میں بے سہارا بچوں کے لئے مراکز کا عالمی معیار کے مطابق نظام وضع کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب چلڈرن ہومز اور کاشانہ مراکز کی ضرورت کے مطابق نئے کمرے تعمیر کرے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت سنت نبویؐ اور دینی فریضہ ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت کرنے والے افراد معاشرے کے محسن ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب ثقافت دیہاڑ کے حوالے سے تقریب کے مہمان خصوصی نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے پنجاب کی روایتی پگڑی پہنائی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ ارکان کو پنجاب کی روایتی پگڑیاں پہنائیں جبکہ تقریب میں شریک مہمانوں کو بھی پنجاب کی روایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کے رنگ دل آویز ہیں۔ دنیا بھر میں پنجاب کی ثقافت کو پسند کیا جاتا ہے اور پنجابی ہر جگہ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ پانچ دریائوں کی سرزمین پنجاب خوبصورت اور دلفریب ثقافت سے مالا مال ہے پنجاب کی ثقافت متنوع اور دنیا بھر میں منفرد ہے۔ صوبہ پنجاب کی ثقافت کا ہر رنگ الگ الگ ہے۔ یوم ثقافت منانے کا مقصد محبت کی خوشبو کے پیغام کو عام کرنا ہے ۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ سیاسی جماعت کے کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری اوردیگر پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ علاج معالجے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لئے آپ کی اپروچ پروفیشنل ہے۔
محسن نقوی