اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالتی اشتہار میں کہا گیا ہے کہ فرحت شہزادی (فرح گوگی) کو 30 دن میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فرح گوگی اپنے خلاف جاری تحقیقات سے بچنے کیلئے ملک سے پہلے ہی فرار ہے، ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت ایف آئی اے نے حاصل کرلیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فرح گوگی نے کرپشن، رشوت ستانی، غیرقانونی سیاسی اثر و رسوخ اور دباؤ سے اربوں روپے کمائے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثہ جات بنائے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے نام پر اربوں روپے کے بینک اکاؤنٹ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے فرح گوگی کوگرفتار کرکے پاکستان لایا جائے گا۔
فرح گوگی
منی لانڈرنگ کیس : فرح گوگی اشتہاری قرار انٹر پول کے ذریعے پاکستان لانے کا فیصلہ
Mar 15, 2023