اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات چند روز میں طے ہوجائیں گے۔قومی زرعی تحقیقاتی کونسل(این اے آر سی میں آب و ہوا، ماحولیاتی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کے تحت، پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی نے" فرٹیلائزر رائٹ" منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا،فرٹیلائزر رائٹ" منصوبے کی لاگت۔4.5 ملین ڈالرہے اور اس چار سالہ پراجیکٹ کا مقصد پاکستانی کسانوں کو جدید طریقوں کے ذریعے کھاد کے استعمال کی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہوجائے۔ آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔امریکی سفیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے معاملات چند روز میں طے ہوجائیں گے۔ پاکستان کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا پاکستان کی مدد کے لیے مکمل تیار ہے ۔ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہت پیشرفت ہوئی ہے۔ رواں ہفتہ انتہائی اہم ہے۔ کل پاکستان کے انرجی ڈائیلاگ ہونے والا ہے جبکہ جمعرات کو دونوں ممالک کے درمیان موسمیات پر مذاکرات ہوں گے۔تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ-پاکستان "گرین الائنس" کے فریم ورک کے ایک حصے کے طور پر، یہ منصوبہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والے زرعی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔مزید برآں امریکہ نے کہا ہے کہ ہم دنیا سمیت پاکستان میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کو پرامن انداز سے برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت کی حمایت نہیں کرتا، ہم ایک پارٹی کو دوسری پارٹی پر ترجیح نہیں دیتے۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہم جس چیز کی حمایت کرتے ہیں وہ صرف ملک میں موجود آئینی نظام ہے جسے قانونی فریم ورک پر چلتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔ مودی سرکار کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا دفاع کرتا ہے۔ اگر بات بھارت، پاکستان یا کسی اور ملک کی بھی ہو تو تب بھی ہمارا ایک ہی مؤقف ہے۔ امریکہ انسانی حقوق کا علمبردار ہے۔
امریکی سفیر