اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے مزاحمت کی سیاست شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ اسمبلی کی کوئی عزت نہیں رہی، بندر بانٹ چل رہی ہے، ہمیں اتنا مجبور نہ کریں کہ ہم تمام آپشنز توڑ دیں۔ چیف الیکشن کمشنر سے پوچھتے ہیں کیا آپ کو خوف خدا ہے؟ ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو ان کی مرضی کے خلاف بنی گالہ میں قید رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات پر تحفظات کا اظہار، فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بانی پی ٹی آئی کو پابند سلاسل رکھنے کی مذمت بھی کی گئی۔ کور کمیٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو انتقام کا نشانہ بنانے کے عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں، سزاؤں کے خلاف اپیلوں کو بلا جواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی کارروائی قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھائی جائے۔ پنجاب کے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی ہے، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر نشستیں ن لیگ کو دی جارہی ہیں، فارم 45 کی روشنی میں تمام حلقوں کا آڈٹ کیا جائے۔کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی، جھگڑے، تنازعات سامنے آگئے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی جس میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کے گلے شکووں کی طویل فہرست پیش ہوئی۔ لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور شعیب شاہین ، شیر افضل مروت کے خلاف پھٹ پڑے۔ کئی کور کمیٹی ارکان اجلاس ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ اجلاس کے ابتداء میں بانی تحریک انصاف کے کیسوں پر گفتگو کی گئی بعدازاں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی مشاورت کی گئی پھر اگلے لائحہ عمل پر غور و خوض کیا گیا۔ علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی اجلاس، گلے شکوے، پھٹ پڑے، مزاحمتی تحریک کا اعلان
Mar 15, 2024