گوجرانوالہ؍ نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) این اے 81میں دوبارہ گنتی کے بعد اظہر قیوم ناہرا فاتح قرار پائے جبکہ ،10645ووٹ مسترد ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار این اے 81اظہر قیوم ناہرا نے الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جس پر الیکشن کمیشن میں چھ مارچ کو سماعت کے بعد بارہ مارچ کو این اے 81 کے پچھتر پولنگ سٹیشنز پر دس روز میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر محمد نوید حیدر نے تیرہ مارچ کو تمام متعلقہ افسران کو دوبارہ گنتی کے لیے لیٹر لکھا اور چودہ مارچ کو قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں پچھتر پولنگ سٹیشنز کی دوبارہ گنتی کے عمل میں مسترد ووٹوں کی تعداد بڑھنے سے اظہر قیوم ناہرا فاتح قرار پاگئے۔ دوبارہ گنتی میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 7141سے بڑھ کر 17786ہوگئی جبکہ 10645مسترد شدہ ووٹ بڑھنے سے8 فروری کو کامیاب قرار پانے والے رانا بلال اعجاز کے ووٹ 1,17,717 سے کم ہوکر 1,06860 رہ گئے اور 8فروری کو 1,09926 ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر آنے والے اظہر قیوم ناہرا کے ووٹ بڑھ کر 1,10,057 ہوگئے۔ مسلم لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرا کے 131 ووٹ بڑھے جبکہ ران ابلال اعجاز کے 10857ووٹ کم ہوگئے۔ ریٹرننگ آفیسر محمد نوید حیدر نے ری کاؤنٹنگ کے بعد نئے رزلٹ کے مطابق فارم 47 اور فارم 49جاری کردیئے۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے میاں محمد ارقم خان کی بطور ایم پی اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ میاں ارقم خان بحیثیت رکن پنجاب اسمبلی جلد حلف اٹھائیں گے۔ میاں محمد ارقم خان کی کامیابی کو ان کے مخالف مسلم لیگی امیدوار سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد اقبال گجر نے چیلنج کیا تھا جس کی درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میاں محمد ارقم خان کی بطور ایم پی اے حلقہ پی پی 68 کامیابی کے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا تھا جو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوبارہ میاں ارقم خان ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 68کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
این اے 81 میں دوبارہ گنتی، اظہر قیوم ناہرا کامیاب
Mar 15, 2024