لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں 10 سال سے تعطل کے شکار آئی ٹی سٹی منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منصوبہ صوبہ پنجاب کیلئے ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ اس منصوبے کی تعمیر کی ذمہ داری پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب بھی کہا جاتا ہے کو سونپی گئی ہے۔ ایک حالیہ اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوا جسکی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب نے کی۔ اجلاس میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے آئی ٹی سٹی کی جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ، سیکرٹری ہاؤسنگ ساجد ظفر ڈال، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ لاہور میں پی کے ایل آئی کے قریب 853 ایکڑ (6824 کنال) پر محیط اس منصوبے کا نام نواز شریف آئی ٹی سٹی رکھا جائیگا۔ اس منصوبے کو شروع کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی رہنمائی میں پنجاب حکومت نے 10 ارب روپے بطور سیڈ منی مختص کیے ہیں، جس سے خطے میں آئی ٹی کے فروغ اور ترقی کیلئے ان کی غیر متزلزل لگن ظاہر ہوتی ہے۔
آئی ٹی سٹی کا قیام ،وزیر اعلیٰ نے سی بی ڈی پنجاب کو ذمہ داری سونپ دی
Mar 15, 2024