لاہور(کلچرل رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف گورنز لاہور آرٹس کونسل الحمراء ر ضی احمدنے کہا ہے کہ الحمراء عالمی سطح پر پاکستان کے ورثے، تاریخ، تمدن، متنوع اقدارکی خاطر خواہ ترویج کر رہا ہے۔ الحمراء کی فضا ء ہماری ثقافت کی عظمتوں کو صحیح معنوں میں دوسرے تک پہنچانے میں معاونت کرتی ہے۔ سینکڑوں سکالرزاور دانشو ہر سال مختلف انواع کے پروگرامز میں شرکت کرنے الحمراء میں آتے ہیں اور ہماری زبان وادب سے واقفیت حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار رضی احمد نے فرانسیسی وفد کے اراکین کو الحمرا آرٹس کونسل کے دورہ کے موقع پر کیا۔ قبل ازاں دو رکنی فرانسیسی وفد نے الحمراء آرٹس کونسل کے دونوں کمپلیکسز کا دورہ کیا۔ وفد میں شامل اراکین مشیل گولپی اور گائے ایلن نے الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس،الحمراء آرٹ گیلری اور الحمراء آرٹ میوزیم میں آویزاں شاہکار فن پارے دیکھے اور الحمراء آرٹ میوزیم میں عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوں کے کام کر دیکھنے کے بعد ڈائری میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔علاوہ ازیں وفد نے الحمراء اوپن ائیر تھیٹر کا بھی دورہ کیا اور چیئرمین الحمراء نے انہیں یہاں ہونیوالی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا۔