اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر اور نیٹ ورکنگ سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون کو تقویت دینے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مہم کے وسیع منصوبوں سے آگاہ کیا جن کا مقصد سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین لازوال مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ، "پاکستان بحرین کے ساتھ اپنی مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم اہنگی پر مبنی ہیں۔" معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی ان تھک کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے، انہوں نے پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔