ڈسکہ:نامعلوم شخص نے مقدس اوراق  چرچ میں پھینک دئیے ،فیروزوالہ:  نشئی نے مقدس ورق کی بے حرمتی کر دی

Mar 15, 2024

ڈسکہ+فیروز والا  (نامہ نگار/نمائندہ خصوصی) چرچ میں اسلامی مقدس اوراق پھینک کر مسلمانوں اور چرچ انتظامیہ کے خلاف کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کرنے پر نامعلوم شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ کسی نامعلوم شخص نے سمبڑیال روڈ ڈسکہ پر واقع متحدہ چرچ کی دیوار سے مقدس اوراق صحن میں پھینک دیئے تھے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ثابت ہوگیاکہ کوئی نامعلوم شخص اسلامی مقدس اوارق پھینک کر گیا ہے جس کا مقصد صرف یہ تھا مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جائے۔ رچنا ٹاؤن فیروز والہ میں نشہ کے لئے پیسے نہ دینے پر 24 سالہ نوجوان مشتعل ہو گیا اور اس نے اپنی والدہ سے جھگڑا کے بعد مقدس ورق کی بے حرمتی کر دی۔ پولیس حکام کے مطابق اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد وہاں پر جمع ہو گئی اور نوجوان کو مارنے کی کوشش کی مگر پولیس فیروزوالہ نے حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے وہاں سے نکالا اور تھانہ میں لا کر حوالات میں بند کر دیا۔ ان حکام کے مطابق ملزم محنت کش یاسین کا بیٹا ہے جو کافی عرصہ سے نشہ کا عادی ہو چکا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

مزیدخبریں