بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون جاری لیسکومزید 412فیسکو27پکڑے گئے

Mar 15, 2024

لاہور+کامونکی (این این آئی+ نمائندہ خصوصی)  لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید412 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان کے مطابق187 ملزموں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں12 کمرشل، 1زرعی اور399  ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کر کے ان کو2 لاکھ61 ہزار 880یونٹس ڈیٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت 92لاکھ 80 ہزار 791روپے بنتی ہے۔ دوسری طرف فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون 188روز سے جاری ہے۔ گزشتہ روز دوران کارروائی 27بجلی چوروں کو پکڑلیا گیا جن کو 63ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 23لاکھ 37ہزار سے زائد کا جرمانہ جاری کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں سات ستمبر سے جاری اس خصوصی مہم میں اب تک کل 6679بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے جن کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 58 لاکھ 84 ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 71کروڑ 54لاکھ سے زائد بنتی ہے اُدھر کامونکی میں ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرنے والے تین افراد رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ بجلی چوری کرنے والے پاک ٹاؤن کے احسان علی، ساجد خان اور نواحی گاؤں بھولے باجوہ کے علی رضا کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ 

مزیدخبریں