اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے اسلاموفوبیا دنیا بھر میں مسلمانوں کے لئے خطرہ بن چکا ہے ، عالمی طاقتیں اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں تیزی لائیں ۔اسلام فوبیا دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے خلاف زہر قاتل ہے ، جس کافوری تدارک ناگزیر ہے ۔ اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور ایسی عالمگیر تنظیموں کی ذمہ اری ہے کہ وہ ایسے اقدامات کو فروغ دیں جن کا مقصد ہر قسم کے امتیازی سلوک کا خاتمہ اور محبت ، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا ہو۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف نفرت کو ختم کرنے کے اقدامات کرنے ہوں گے ۔امتیازی سلوک عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہے، ہمیں اس کے خلاف کھڑا ہونا ہو گا۔
عالمی طاقتیں اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے کوششوں میں تیزی لائیں ،طاہر اشرفی
Mar 15, 2024