لوگ مہنگائی سے بے حال، حکمرانوں کا ہنی مون چل رہا ہے: سراج الحق

Mar 15, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت لوٹوں، نوٹوں کی مرہون منت ہے۔ جماعت اسلامی الیکشن میں متاثرہ فریق ہے، انصاف کے لیے ہر دروازے پر دستک دیں گے، سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے حقوق کے لیے چوکوں چوراہوں میں جدوجہد جاری رہے گی، ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے ساتھ منصورہ میں بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں افطار تقریب سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عوام کا حق چرایا گیا، زہریلی پولرائزیشن بڑھ گئی، اب اس کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ضروری ہے کہ عوام کو اس کا حق واپس دیا جائے، حکومت پہلے مرحلہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے، پولرائزیشن کا خاتمہ نہ ہوا تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی سویلین بالادستی چاہتی ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے نظام کو ٹھیک کیا جائے۔ حکومت میں موجود پارٹیاں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں، لوگ مہنگائی سے بے حال ہیں، حکمرانوں کا ہنی مون چل رہا ہے، رمضان کے مہینے میں بسم اللہ کر کے سب سے پہلے 300یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزیرخزانہ کی تعیناتی ہوئی، ایک ایسے شخص کو معیشت کا انچارج بنایا گیا جو وزیر پہلے اور پاکستان کا شہری بعد میں بنا، اب عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مزید شرائط سامنے آئیں گی۔ 23 بار آئی ایم ایف کا تجربہ ناکام ہوا، 24ویں بار کیسے کامیاب ہوگا؟۔ معیشت بہتر کرنی ہے تو سود اور کرپشن کا خاتمہ اور مینجمنٹ کو بہتر کرنا ہوگا، زکوٰۃ اور عشر کا نظام متعارف کرایا جائے۔ اس وقت خاندانوں کی حکومت ہے، شہزادے شہزادیاں موج میں، عوام پس رہے ہیں، موجودہ حکومت ماضی کا تسلسل ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین کے عوام کے حق میں بھرپور آواز اٹھا رہی ہے۔ ہمار امطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

مزیدخبریں