لاہور (نوائے وقت رپورٹ) روس میں صدارتی انتخابات کے لیے آج سے 3 روزہ پولنگ کا آغاز ہوگا۔ 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا تاہم یقینی ہے کہ 71 برس کے ولادیمیر پیوٹن ہی ایک بار پھر 6 برس کیلئے صدر منتخب کر لیے جائیں گے۔ یہ روس کے آٹھویں صدارتی انتخابات ہیں، 15 مارچ کو شروع ہونے والی ووٹنگ 16 اور 17 مارچ کو بھی جاری رہے گی۔ 4 شخصیات نے خود کو صدارتی امیدوار کے طور پر رجسٹرڈ کرایا۔ جن میں سے دیگر 3 روسی ایوان زیریں یعنی ڈوما کے اراکان نکولائی خریطونوف، لیانید سْولوستکی اور ویلدیسلوف داونکوف ہیں جبکہ صدر بننے کے خواہشمند الیکسی نوالنی پراسرار موت کا شکار ہو چکے ہیں اور دو کے کاغذات مسترد کر دئیے گئے۔ سروے کے مطابق ولادیمیر پیوٹن ہی دوبارہ صدر بنیں گے، صدر پیوٹن نے ووٹنگ سے ایک روز پہلے پیغام میں کہا کہ یہ ملک میں انتہائی اہم الیکشن ہیں۔ اس کے نتائج آئندہ برسوں میں روس کی ترقی پر براہ راست نتائج مرتب کریں گے۔ واضح رہے کہ پیوٹن کو سابق سوویت لیڈر بورس یلسن نے 1999ء میں نائب صدر مقرر کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے 2000ء سے 2008ء تک دوبار صدارت اور پھر سن 2012ء تک وزارت عظمیٰ سنبھالی۔ سن 2012ء میں وہ تیسری بار اور سن 2018ء میں چوتھی بار صدر بنے تھے۔ آئینی طور پر انہیں مزید دو بار صدر بننے کی اجازت ہے۔
روس میں صدارتی الیکشن، 4 امیدوار، پیوٹن مضبوط ترین، ووٹنگ آج ہو گی
Mar 15, 2024