اسلام آباد: افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ کے مطابق افغان شہریوں کے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے کے کیس میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اٹک سے 3 ایجنٹ گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزم دوست محمد کی نشاندہی پر گرفتاری کی گئی۔ ملزمان جعلی دستاویز پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ تیار کراتے تھے۔اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ملزمان نادرا اور پاسپورٹ اہلکاروں کی معاونت سے یہ کام کرتے تھے اور اب ان ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔افغان شہریوں کے اور غیر قانونی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سمیت جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث افسران کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں جاری ہیں۔دسمبر 2023 میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ کو گرفتار کیا تھا جن میں نادرا کے سابق افسران بھی شامل تھے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں تعینات رہے، ملزمان نے دوران تعیناتی سال 2019 اور 2020 میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے.ملزمان غیر قانونی طریقے سے احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے تھے اور فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھی۔حکام کے مطابق ملزمان دیہاڑی دار مزدور اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے. دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز جاری کئے ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔
افغان شہریوں کے شناختی کارڈ بنانے کے کیس میں مزید گرفتاریاں
Mar 15, 2024 | 22:50