وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم اراکین کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا ۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ خراج عقیدت پیش کیا،جی ایچ کیو آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں کے امور پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم اور کابینہ کو سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی ،وزیراعظم اور کابینہ نے دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔وزیراعظم نے علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام میں پاک فوج کے عزم کو سراہا،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔عروج پاکستان کا مقدر ہے۔پاکستان کے عروج کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کا اہم کردار ہے ۔اس موقع پر آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد بحال کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی.پاک فوج درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی ۔