احتساب عدالت نے پنجاب بنک فراڈ کیس کے مرکزی ملزم ہمیش خان کو چودہ روزہ ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا

بینک آف پنجاب کے سابق سربراہ ہمیش خان پر نو ارب روپے سے زائد خورد برد کرنے کا الزام ہے ۔ انہیں آج لاہور کی احتساب عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا جس کے بعد عدالت نے انہیں چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔ اس موقع پر نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل نے یقین دہانی کرائی کہ ملزم ہمیش خان پر کوئی تشدد نہیں کیا جائے گا بلکہ ان سے سائینٹیفک طریقے سے تفتیش کی جائے گی ، ان کا کہنا تھا کہ نیب نے خود عدالت سے ریمانڈ کی درخواست کی تھی ، نیب کا تفتیش کرنے کاطریقہ پولیس سے یکسر مختلف ہے ۔ دوسری جانب ہمیش خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کا عدالتوں پر مکمل یقین ہے ۔ واضح رہے کہ پنجاب بنک کے سابق صدرہمیش خان کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنزکی پرواز پی کے,سات سوبیالیس کےذریعے گزشتہ روز نیو یارک سے لاہورلایا گیا۔ جس کے بعد  نیب نے انہیں  چنبہ ہائوس منتقل کردیا جبکہ انہیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ ہمیش خان کو حارث سٹیل ملز کیس کی سماعت کے دوران چھبیس مئی کو سپریم کورٹ بھی پیش کیا جائے گا ۔ سپریم کورٹ نے ہدایت جاری ہے کہ ہمیش خان سے ناروا سلوک نہ کیا جائے ۔

ای پیپر دی نیشن