منتخب وزیراعظم کو رواں سال مسلح افواج میں 2 اہم تقرریوں کے چیلنج درپیش ہونگے

May 15, 2013

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) متوقع نئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو رواں برس مسلح افواج میں دو اہم تقرریوں کے چیلنج درپیش ہوں گے۔ پہلی تقرری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ہو گی۔ اس منصب پر اب جنرل خالد شمیم وائیں فائز ہیں جن کی مدت ملازمت چھ اکتوبر کو پوری ہو رہی ہے جب کہ دوسری تقرری آرمی چیف کی ہو گی۔ موجودہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی توسیع شدہ مدت ملازمت اس سال اٹھائیس نومبر کو پوری ہو رہی ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں مزید ایک برس توسیع ہونے کی اطلاعات بھی موجود ہیں ۔ بری فوج کے دو سینئر لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز خان اور محمد عالم خٹک،جنرل کیانی سے پہلے چار اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ ان کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد ہارون اسلم اور لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود دو سب سے سینئر لیفٹیننٹ جنرل ہیں جنہیں جنرل کے عہدے پر ترقی کیلئے زیر غور لایا جا سکتا ہے۔ ان دونوں لیفٹیننٹ جنرلز کی مدت ملازمت اگلے برس نو اپریل کو پوری ہو گی۔

مزیدخبریں