خیبر پی کے میں بھرپور دھاندلی ہوئی، کارکن سڑکوں پر نکل آئیں: فضل الرحمان

May 15, 2013

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ثناءنیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پی کے میں تحریک انصاف کا مینڈیٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کارکنوں کو سڑکوں پر آنے کی کال دے دی۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ متنازع ہے۔ الیکشن کمشن صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا۔ خیبر پی کے کے کئی حلقوں سے بلیٹ باکس چرائے گئے۔ مردان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ ڈویژن میں بھرپور دھاندلیاں کی گئیں۔ایک پارٹی کو غلط مینڈیٹ دیا گیا ہم تمام اضلاع میں احتجاج کرینگے۔ کارکن سڑکوں پر آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ ہم خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آزاد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں جبکہ خیبر پی کے میں حکومت سازی کے لئے نوازشریف سے رابطہ ہوا ہے۔ حکومت سازی کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔ فضل الرحمن نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف مختلف اضلاع میں بھر پور مظاہرے کئے جائیں گے اور ہم خیبر پی کے میں حقیقی عوامی مینڈیٹ کی حکومت لائیں گے۔ دریں اثنائتحریک انصاف کے صوبائی صدر اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا تحریک انصاف کے بھاری مینڈیٹ سے بوکھلا گئے ہیں، انہیں حکومت نہیں ملتی تو الزام تراشی پر اتر آتے ہیں۔ میڈیا سیل تحریک انصاف خیبر پی کے سے جاری ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ مولانا ہمارے بھاری مینڈیٹ کی وجہ سے حواس باختہ ہو گئے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے لیکن مولانا دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں اور ہمارے مینڈیٹ کو ناقابل قبول قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کو جب حکومت نہیں ملتی تو وہ الزام تراشی پر اتر آتے ہیں۔ مولانا کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں ،حکومتیں تو آتی جاتی رہتی ہیں ۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ خیبرپی کے کے عوام نے مولانا اور ان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اورعوام جان گئے ہیں کہ مولانا اسلام کو بیچ کر مال بناتے ہیں۔

مزیدخبریں