نوازشریف خودانحصاری کی پالیسی اپنائیں: اقتصادی ماہرین

لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور آئندہ وزیراعظم محمد نوازشریف کو ملک کی اقتصادیات بہتر بنانے کے لئے تجویز دی ہے کہ وہ خودانحصاری کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے پاس فوری طور پر نہ جائیں بلکہ ملک میں ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس عائد کریں۔ امپورٹ بل میں کمی کریں۔ بجلی کا بحران ختم کریں۔ بھارت سے براہ راست تجارت میں اضافہ کریں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ خود انحصاری اور ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنا محمد نوازشریف کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔جی ایس ٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 5 فیصد رکھی جائے۔ پٹرولیم لیوی ختم کر دی جائے۔ محمد نوازشریف کی اسلامی ممالک، چین اور سمندر پار پاکستانیوں میں بہت اچھی ساکھ ہے اس سے وہ فائدہ اٹھائیں۔ سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ نوازشریف ملک میں دستیاب وسائل پر بھروسہ کریں اور ملک کو معاشی بدحالی دور کرنے کے لئے فوری طور پر آئی ایم ایف سے رجوع نہ کریں کیونکہ میاں نوازشریف خود انحصاری پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ایٹمی دھماکے کئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف امپورٹ بل میں کمی کریں لگژری آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کریں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کریں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے اپنی تجاویز میں کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن بہتر بنائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن