نئی دہلی (بی بی سی + اے این این) پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زبردست فتح کی پیش گوئیوں کے درمیان وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اپنے دفتر کے عملے کو الوداع کہا۔ اطلاع کے مطابق جمعرات کو وہ نئی رہائش گاہ پر منتقل ہو رہے ہیں۔ منگل کو انھوں نے کابینہ کے اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بعض تجاویز کی منظوری دی اور بی جے پی کی شدید مخالفت کے باوجود ملک کی بری فوج کے نئے سربراہ کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ رات کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ہفتے کے روز کابینہ کی آخری میٹنگ ہو گی جس میں کابینہ کے رفقا وزیر اعظم کا باضابطہ طور پر شکریہ ادا کریں گے۔ تکنیکی اعتبار سے یہ وزیر اعظم من موہن سنگھ کی آخری میٹنگ کابینہ ہو گی۔ اس کے بعد وہ صدر مملکت پرنب مکھرجی کو اپنا استعفیٰ دینے کے لیے ایوان صدر جائیں گے۔ اسی شام وہ آخری بار بھارتی قوم سے خطاب کریں گے۔ دہلی میں بی جے پی کے رہنماؤں نے حکومت سازی کے لیے صلاح و مشورے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آر ایس ایس نے پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ سے کہا ہے کہ وہ نتیجہ آنے سے پہلے ہی وزارتوں کا فیصلہ کر لیں تاکہ آخری لمحات میں کوئی ابہام نہ رہے۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ اسے پوری امید ہے کہ وہ واضح اکثریت کے ساتھ فتح یاب ہوگی، لیکن اگر کوئی دوسری جماعت اس کا ساتھ دینا چاہے تو وہ اس کا خیر مقدم کرے گی۔ بی جے پی کے وزارت عظمٰی کے امیدوار نریندر مودی گجرات کے وزیرِ اعلیٰ ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کی صورت میں وہ وزیر اعظم ہوں گے اور ان کی جگہ گجرات میں کسی اور کو وزیر اعلیٰ مقرر کیا جائے گا۔ احمد آباد میں یہ عمل شروع ہو چکا ہے۔ مودی نے کل ریاستی بی جے پی کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی۔
منموہن نے دفتری عملے کو الوداع کہہ دیا آج نئی رہائشگاہ منتقل ہوجائینگے
May 15, 2014