پشاور (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان نے پشاور اور شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ ان کو آپریشن ضرب عضب اور خیبر ٹو پر بریفنگ دی گئی۔ دفاعی کمیٹی کے ارکان نے پشاور میں آرمی پبلک سکول اور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ کمیٹی نے میران شاہ میں دہشتگردوں کی بنائی گئی بارود کی فیکٹریوں، پناہ گاہوں اور میڈیا سیل کا دورہ کیا۔کمیٹی کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا شمالی وزیرستان کا زیادہ تر علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرا لیا گیا ہے۔ اس سال کے آخر تک آپریشن ضرب عضب مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا دہشتگردوں کی مالی مدد ختم ہونی چاہئے۔ فورسز کا بنیادی فوکس افغانستان سے دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا فاٹا کو صوبہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔