لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے مطالبات کے حق میں اساتذہ نے دھرنا دیا۔ اساتذہ کے دھرنے کی وجہ سے مال روڈ پر ٹریفک جام ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دولہا دلہن کی گاڑی بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہی۔ ٹریک وارڈن بھی بے بس دکھائی دیئے اور ٹریفک کے بہاﺅ کی بحالی میں ناکام رہے۔ اساتذہ تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اساتذہ کے مطابق مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، دھرنے میں اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اساتذہ رہنماﺅں رانا لیاقت علی، جام صادق، چوہدری محمد سرفراز، رانا انوار، رانا الطاف حسین، ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی ، سعید نامدار، اسلم گھمن، افضل کیانی، رحمت اللہ قریشی، شیخ اختر، عبد الطارق نیازی،رانا طارق، راﺅ عابد، راﺅ شمشاد، نجم النسائ، صفدر کالرو، یونس حسن، منیر انجم ، امتیاز طاہر و دیگر نے کہا کہ حکومت پنجاب کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ ناقص تعلیمی پالیسیوں کی وجہ سے اساتذہ شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ سرکاری سکولز پیف کے حوالے اور بڑی بڑی شاندار عمارات و اچھے رزلٹ والے سکولز سنٹر آف ایکسی لینس کے نام پر دانش اتھارٹی کے حوالے کئے جانے پر اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔ اگر مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے تو تعلیمی بائیکاٹ، تالہ بندی، قومی شاہراﺅں پر یا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کے اعلان پر غور کیا جا سکتا ہے۔
اساتذہ دھرنا
سکولوں کی نجکاری کیخلاف مال روڈ پر اساتذہ کا دھرنا‘ ٹریفک جام‘ شہری پریشان
May 15, 2016