نواز شریف کی ترک صدر کی بیٹی کے نکاح میں شرکت، بطور گواہ دستخط

May 15, 2016

استنبول/ انقرہ (این این آئی+ آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے اہل خانہ سمیت ترک صدر طیب اردگان کی بیٹی کے نکاح میں شرکت کی اس دوران نوازشریف نے نکاح نامے پربطورگواہ دستخط بھی کئے۔ وزیراعظم نوازشریف ان چارسربراہان مملکت میں سے ہیں جنہیں ترک صدر طیب ایردوان نے خود اپنی بیٹی کے نکاح کیلئے مدعو کیا۔ ان میں آذربائیجان کے صدر، امیر قطراور انکی شریک ہائے حیات شامل ہیں۔ تقریب کے دوران نوازشریف نے پینٹ کوٹ زیب تن کررکھا تھا اورشرکاءسے ملاقاتیں بھی کیں، نواز شریف کو نکاح کے گواہ کے طور پر سٹیج پر بلایا گیا۔ خاتونِ اوّل بیگم کلثوم نواز، وزیر اعظم کی بیٹی مریم نواز ، مریم نواز کی بیٹی ماہ نور صفدر ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ان کا چھوٹا بیٹا سلمان شہباز اور ان کی اہلیہ بھی اس دورے پر وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔تقریب کے دوارن وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نوازنے بھی ترک صدرکی اہلیہ سے ملاقات کی اوران کی بیٹی کے نکاح پر انہیں مبارکباد پیش کی، ترک صدر کی بیٹی کی منگنی کی رسم مارچ میں ہوبر پیلس میں ہوئی تھی۔ترک صدرطیب ایردوآن کی بیٹی سمیعہ ایردوآن کی شادی انجینئر سیلک بیراکتر سے ہورہی ہے ،سیلک کی کمپنی ڈرون طیارے بناتی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ہفتہ آج بروز اتوار کی صبح استنبول سے وطن واپس پہنچیں گے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس میں ترک وزیراعظم، آرمی چیف، سابق صدر عبداللہ گل سمیت 6 ہزار مہمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے تحت انتظامات کئے گئے دلہن سمیہ لندن سکول آف اکنامکس سے ڈگری ہولڈر ہیں جبکہ دولہا بے راکتر استنبول یونیورسٹی کے الیکٹرانک انجینئر ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترک صدر طیب اردوان کی طرف سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔
نوازشریف/ گواہ

مزیدخبریں