لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا ہے پانامہ لیکس قوم کا مسئلہ ہے جے آئی ٹی کی کارروائی کو پبلک ہونا چاہئے، اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انکوائری60روز میں مکمل ہونی چاہئے، حمزہ شہباز شریف کی جانب سے ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملا، لگتا ہے نوٹس پیدل آ رہا ہے، 11جون کو انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل شروع ہو جائے گا، پہلے مرحلے میں مرکز کے الیکشن منعقد ہوں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی جماعت کا ہر رکن پارٹی سر براہ کو براہ راست منتخب کرے گا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت مختلف جماعتوں میں بادشاہتوںہیں اور جعلی انٹرا پارٹی الیکشن ہوتے ہیں اور کسی ایک مقام پر چند لوگوں کو اکٹھا کر کے ہاتھ کھڑے کروا کر عہدے دیدیئے جاتے ہیں اور جعلی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیتے ہیں ، حکمران کی مہربانی سے لوڈ شیڈنگ انتہاء کو پہنچ چکی ہے۔ حکمرانوں کے گھروں میں بلا تعطل بجلی فراہم ہو رہی ہے یہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود ، میاں اسلم اقبال، حافظ فرحت عباس، عاصم شوکت اور آصف شکور کے ہمراہ این اے 126کے دفتر گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ جے آئی ٹی پر سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے، جے آئی ٹی کے ممبران اچھی شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ ادارے وزیر اعظم کے نیچے کا م کر رہے ہیں لیکن تحفظات کے باوجود جے آئی ٹی کو تسلیم کرتے ہیں، جے آئی ٹی کی پندرہ روزہ رپورٹ بھی پبلک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی انکوائری 60روز میں مکمل ہونی چاہئے اور اس میں تاخیر ہوئی تو بد اعتمادی پیدا ہو گی، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد حالات کا جائزہ لیں گے، دھرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں، شفقت محمود نے کہا ہے کہ الیکٹرول ریفارم کے لئے پی آئی ٹی نے بہت زیادہ تجاویز کمیٹی میں پیش کی ہیں ان میں کچھ پر عملدرآمد ہوا ہے اور کئی تجاویز پر ابھی عملدرآمد ہونا باقی ہے، انتخابی اصلاحات کیلئے بہت ساری تجاویز دی ہیں۔ اور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے راستے میں مسلم لیگ (ن) روڑے اٹکا رہی ہے اور اس معاملے کو پش پشت ڈال رہی ہے۔