راولپنڈی (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ(ن) کے رہنماء حنیف عباسی نے شیخ رشید کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات کا جواب دینا ہوگا، مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کرتی ہے، جلسے جلوس نہیں، ایک طرف عمران خان وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر رہے ہیں تو دوسری طرف وزیراعلیٰ پرویز خٹک وزیراعظم کے ساتھ چائے پی رہے ہیں، اسکا مطلب ہے کہ عمران خان نے نوازشریف کو وزیر اعظم مان لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے ایبٹ آباد میں عمران خان اور شیخ رشید کی تقاریر میں لگائے گائے الزامات کے جواب میں کہا کہ راولپنڈی میں صفائی کا نظام دیکھیں، ہسپتال دیکھیں سب کام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے کرائے ہیں، نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان بنائے، میٹرو بنائی جس میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شیخ رشید راولپنڈی میں کسی شہری کے دکھ درد میں شامل نہیں ہوتے۔ این اے 56 میں عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے کارکنوں سے تو مقابلہ کر لو، کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ، شیخ رشید اور عمران کی گالیوں کا جواب گُدی سے زبان کھینچ کر دے سکتے ہیں مگر ہم سیاسی طور پر مقابلے کے حامی ہیں۔
نواز شریف پر الزامات: حنیف عباسی نے شیخ رشید کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا
May 15, 2017