راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور چیئرمین میٹروبس محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نام نہاد فرزند پاکستان شیخ رشید کی الزام تراشیوں پر انہیں دس ارب روپے کا لیگل نوٹس بھیجوں گا۔ وہ دوسروں پر الزام لگانے میں مصروف ہیں لیکن دنیا کو یہ کیوں نہیں بتاتے کہ بغیر کرپشن کے کروڑوں، اربوں کے اثاثے انہوں نے کیسے بنائے۔ وہ گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ملک نور اعوان صدر مسلم لیگ (ن) نے انکشاف کیا کہ شیخ رشید ان کے 22لاکھ روپے ہڑپ کرگئے ہیں۔ وہ ٹی وی پر بہت پارسا بنتے ہیں، میرے پیسے مجھے واپس کریں۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شیخ رشید نے ہزاروں کنال پر محیط فارم ہاو¿س کیسے بنایا۔ لال مسجد کی بچیوں نے شیخ رشید کے کردار کا پول کیونکر کھولا تھا؟ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے۔ این اے 56میں نشست جیتنے کے بعد عمران خان ایک مرتبہ پھر حلقہ میں نہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر مجھے این اے 56سے ٹکٹ نہیں ملتا تو یہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوگا جو مجھے دل و جان سے قبول ہوگا لیکن میں یہاں بیٹھکر کوئی فیصلہ ازخود نہیں کرسکتا جب انہیں یاد کرایا گیا کہ چوہدری تنویر سینیٹر کے صاحبزادے دانیال چودھری بھی این اے 56سے امیدوار ہیں اور وہ انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تو حنیف عباسی نے کہا کہ اگر کوئی اپنے طور پر امیدوار ہے تو میں تو کسی کو منع نہیں کرسکتا اور نہ ہی میں کسی کا مخالف ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیراعلیٰ چائنہ میں ن لیگ کی قیادت کے ساتھ ایک ٹیبل پر بیٹھکر چائے پی رہا ہے اور عمران خان ہمیں برا بھلا کہنے میں مصروف ہیں۔ آج یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی بھی میاں نواز شریف کو وزیراعظم تسلیم کرچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال میں کروڑوں روپے کی نئی مشینیں نصب کی گئیں۔ بے نظیر ہسپتال میں نئی او پی ڈی، سکن ڈیپارٹمنٹ، 43نئے وینٹی لیٹر اور 17 ڈائیلاسز مشینیں نصب کرائی گئی ہیں جبکہ ہولی فیملی ہسپتال میں چالیس کروڑ کی لاگت سے نئی ایم آر آئی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رکھیں گے۔