کراچی( خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے گوادر میں 10بے گناہ مزدوروں کی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہادت پر گھرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اور امریکی ایجنڈا کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اورسی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بے گناہ مزدوروں کو قتل کیا گیا ،کرائے کے قاتل معصوم اور بے گناہ مزدوروں کو قتل کرکے اپنے ناپاک عزام کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے ایک ہی خاندان سے وابستہ مزدوروں کا قتل عام حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے بھی ایک چیلنج ہے،امن اور سب ٹھیک کا دعویٰ کرنے والے حکمران مزدوروں کے خاندانوں سے پوچھیں کہ ان پر کیا بیت رہی ہے۔سندھی بولنے والے مزدوروں کی دس میتیں سندھ بھیجنے سے بلوچ اورسندھی بولنے والوں کو آپس میں لڑانے اورنفرتیں پیداکرنے کی سامراجی سازش بھی ہوسکتی ہے۔صوبائی امیر نے زوردیا کہ وفاقی وزیرداخلہ اور بلوچستان حکومت مقتول مزدوروں کے یتیم بچوں اور لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان،جبکہ ملک دشمن، اسلام دشمن اور انسانیت سے عاری قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دینے ،آئندہ اس طرح کی کاروائیوں سے بچنے کیلئے مو¿ثر اقدامات کئے جائیں۔
مقتول مزدوروں کے ورثاءکی مالی امداد کی جائے: معراج الہدیٰ
May 15, 2017