اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین نے سیکرٹری وزارت داخلہ‘ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور انکوائری کمیٹی کو بھی قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ لیگل نوٹس میں نیوز لیکس کمیٹی رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ قانونی نوٹس راؤ تحسین کے وکلاء کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے راؤ تحسین کے خلاف ای اینڈ ڈی قواعد کے تحت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے‘ رپورٹ کی دیگر سفارشات کو نظرانداز کیا گیا‘ رپورٹ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم کو جمع کرا دی گئی‘ ہمارے موکل کو کمیٹی نے طلب کیا تھا‘ ہمارا موکل راؤ تحسین اس رپورٹ سے متاثرہ ہیں۔ ہمارے موکل کا حق ہے وہ اس رپورٹ کی نقل حاصل کرے نیوز لیکس رپورٹ اور متعلقہ دستاویزات کی نقل دی جائے۔