اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے امن اور ترقی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دشمن پاک چین ترقیاتی منصوبوں کو پامال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کی نئی لہر خطرے کی علامت ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ناگزیر ہے، سرحدوں پر نئے حالات اور صف بندی کے تناظر میں منظم حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا بلوچستان میں دہشت گردی کی پے در پے وارداتیں حکومت کے لیے کھلا چیلنج ہیں، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا دشمن سی پیک کو پامال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی ہی دشمن کی ناکامی اور ہماری فتح ہے۔