لیبرپالیسی پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے ناصر شاہ

کراچی( خبر نگار) صوبائی وزیرمحنت، اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں لسانیت اور عصبیت کا عنصر نہیں پایاجاتا اس کیلئے سارے عوام ایک جیسے ہیں اور وہ عوام کے لئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو سوشل سیکورٹی ہیڈ آفس میں ملازمین کی اجتماعی سودا کار یونین پیپلزاسٹاف یونین کی تقریب حلف برداری، سیسی ہیڈآفس کی تزئین و آرائش اور سیسی  ہیڈآفس میں نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے پیپلزلیبربیورو سندھ کے کوآرڈینیٹر حبیب الدین جنیدی، پیپلزاسٹاف یونین (سی بی اے) کے صدرملک نوید احمد، سوشل سیکورٹی آفیسرزویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر بلنداقبال اور دیگر نے خطاب کیا۔ صوبائی وزیرمحنت ناصرحسین شاہ نے سی بی اے کے نومنتخب عہدیداروں اور ملازمین کو یقین دلایا کہ Deseasedکوٹہ پر جلد عمل ہوگا، جو ملازمین زائد عمر یا کسی اور وجہ سے مستقل ہونے سے رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد مستقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہاہے اور انکی رہائش کیلئے گلستان جوہر میں واقع سیسی کے پلاٹ پر فلیٹس تعمیر کرکے الاٹ کئے جائیںگے جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف کی سینارٹی لسٹ تیار کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیرمحنت نے سیسی کے ویسٹ وہارف ڈائریکٹوریٹ کو جلد بحال کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ پیپلز لیبربیوروسندھ کے کوآرڈینیٹرحبیب الدین جنیدی نے کہاکہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے 1972ء میں شہیدذوالفقار علی بھٹو کے بعد محنت کشوں کیلئے کے بعد پہلی لیبرپالیسی دی اس لیبرپالیسی میں محنت کشوں اور آجران کا 40, 40 فیصد کوٹہ جبکہ حکومت کا 20فیصد کوٹہ رکھا ہے۔ انہوں نے سیسی کی نومنتخب سی بی اے سے کہاکہ وہ ملازمین کے ساتھ ساتھ تمام محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔ تقریب میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کو ’’اعتراف محنت کش دوست‘‘ شیلڈپیش کی گئی۔قبل ازیں صوبائی وزیرمحنت و اطلاعات ناصرحسین شاہ نے سیسی ہیڈآفس میں نو تعمیر عمارت سہولت مرکز کی تختی کی نقاب کشائی کی اور سیسی ہیڈآفس کی تزئین و آرائش مکمل ہونے پر ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔

ای پیپر دی نیشن