بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کمیونٹیز کا کردار اہم ہے‘ گورنر سندھ

May 15, 2018

کراچی (وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کے کاموں ‘ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے روزگار کی فراہمی ‘ نوجوانوں کی تربیت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی میں کمیونٹیز اہم کردار ادا کررہی ہیں با الخصوص ورلڈ میمن آرگنائزیشن اور اس سے منسلک ایسوسی ایشنز لوگوں کو تعلیم ‘ صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جو کہ قابل تحسین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے چیئر مین ہارون کریم کی قیادت میں 5 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں جنرل سیکرٹری شعیب اسماعیل‘ ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمود شیخانی‘ الطاف جانگڑہ اور احمد شیخانی شامل تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام نے تعلیم پر بھرپور توجہ سے ہی ترقی حاصل کی ‘ پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے اس ضمن میں نجی ادارے‘کمیونٹی کی سطح پر کام کرنے والی تنظیمیں اور مخیر حضرات تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے ‘ ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے تحت بزنس اسکول اور جامعہ کی تعمیر سے لوگوں کو معیاری تعلیم حاصل ہوگی میمن کمیونٹی کاروباری برادری ہے ان کی سوچ اور جذبہ ملک وقوم کیلئے قابل تحسین ہے‘ بزنس اسکول اور جامعہ کی تعمیر میں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی میں مختلف تعلیمی اداروں کے قیام سے لوگوں کو ایک جگہ معیاری تعلیم کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔

مزیدخبریں