لاہور +اسلام آباد +کراچی +ریاض ( نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی +این این آئی) سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی سعودی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آج منگل29شعبان کو رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائے کھلی آنکھ یا خصوصی آلات سے چاند نظر آنے کی گواہی سپریم کورٹ میں رجسٹر کرائیں چاند دیکھنے سے متعلق رویت ہلال کی نجی کمیٹیاں بھی تعاون کریں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں 16 مئی کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر رسول نے کہا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع، سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف ہوگا۔ 16 مئی کو چاند کی عمر 27 گھنٹے ہوگی۔ مطلع صاف ہونے کے باعث رمضان المبارک کا چاند نظر آسکے گا۔ علاوہ ازیں رویت ہلال ریسرچ کونسل نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند منگل کو پیدا ہوگا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 17 مئی جبکہ عید الفطر16 جون کومنائی جائیگی۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالد اعجازمفتی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہ پہر4 بجکر48 منٹ پرپیدا ہوگا جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں با آسانی دیکھا جاسکے گا۔ ماہرین کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کو دکھائی نہیں دیگا۔ اس طرح اس سال 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر 16 جون کومنائی جائیگی۔مزید برآں ماہ رمضان کی آمد آمد ہے۔ گرین لینڈ والے سب سے طویل اورارجنٹائن کے مسلمان مختصر ترین روزہ رکھیں گے جبکہ پاکستان میں15گھنٹے کاروزہ ہوگا۔دنیا میں سحر اور افطار کے درمیان کادورانیہ یاسب سے طویل ترین روزہ گرین لینڈ کے مسلمان رکھیں گے ،جس کا دورانیہ 21 گھنٹے 02 منٹ ہوگا۔آئس لینڈ کے مسلمان 21 گھنٹے ،فن لینڈ کے 19 گھنٹے 56 منٹ ،ناروے اور سوئیڈن کے مسلمان 19 گھنٹے طویل روزہ رکھیں گے۔ روس،جرمنی،آئرلینڈ، برطانیہ، بلجیم اور دیگر یورپی ملکوں میں مسلمان 18 گھنٹے بعد افطار کریں گے جبکہ کینیڈا میں 17 گھنٹے 24 منٹ ،امریکا میں 16 گھنٹے 29 منٹ کے بعد روزہ افطار کیا جائے گا۔ایران میں 16 گھنٹے 04 منٹ ،افغانستان میں 15 گھنٹے 51 منٹ ،بھارت میں 15 گھنٹے 2 منٹ اور پاکستان میں 15 گھنٹے کا روزہ ہوگا۔سعودی عرب میں 14 گھنٹے 41 منٹ ،انڈونیشیا میں 13 گھنٹے 02 منٹ ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ میں 11 گھنٹے 40 منٹ سے زائددورانیہ کا روزہ ہوگا۔سب سے مختصر ترین دورانیے کا روزہ ارجنٹائن کے مسلمان رکھیں گے جس کا دورانیہ 11 گھنٹے 32 منٹ ہوگا۔
سعودی سپریم کورٹ نے آج رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی پاکستان میں کل نظر آنے کا قومی امکان
May 15, 2018