وادی نیلم/ فیصل آباد/ ساہیوال (آئی این پی + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) وادی نیلم میں جاگراں کے مقام پر پل گرنے سے بہہ جانے والے 6 سیاحوں کی تلاش جاری، پاک فوج کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ ابھی تک چھ افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام پیر کو بھی جاری رہا۔ پل ٹوٹنے کے واقعہ میں پانی میں بہہ جانے کے نتیجے میں فیصل آباد کے چار طلبہ کے جاں بحق ہونے سے طلبہ کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں آر پی او آف فیصل آباد کے اکاؤنٹینٹ وقار احمد کا بیٹا بھی شامل تھا۔ چار طلبہ کی میتیں فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مظفرآباد سے فیصل آباد پہنچائی گئیں جہاں سے ایمبولینسز کے ذریعے انہیں ان کے گھروں تک لے جایا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبدالرحمن، شاہ زیب، معظم اور حماد شامل ہیں۔ میتیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج نے فوری طور پر آزاد کشمیر حکومت اور مقامی اداروں سے رابطہ کیا۔ بہہ جانے والوں میں ساہیوال میڈیکل کالج کے طالب علم بھی شامل تھے۔ کالج کے تین سٹوڈنٹس زخمی ہوئے جو سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں اور تین سٹوڈنٹس ابھی تک لاپتہ ہیں جن میں سے ایک فی میل سٹوڈنٹ ریشم ناز کی میت کی شناخت کرلی گئی ہے۔ لاپتہ سٹوڈنٹس (آمنہ کوثر، امتل مصور) کی تلاش کے لئے پاک آرمی کے جونوں کی امدادی کارروائیاں ابھی تک جاری ہیں۔ طلبا کے ایصال ثواب کے لئے دعا اور قرآن خوانی کی گئی، آج بروز منگل صبح 11 بجے ساہیوال میڈیکل کالج میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن )کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو ٹیلی فون، نیلم حادثے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے آزاد حکومت کی جانب سے بروقت امدادی کارروائیوں اور وزیر اعظم آزادکشمیر کے جاندار کردار کو سراہا۔