نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ جنگ بندی دونوں ممالک کے لئے کوئی متبادل نہیں ہے لیپاپوتی کرنے سے کچھ نہیں حاصل ہونیوالا برصغیر میں امن کیلئے مسائل کا حل مذاکرات سے ضروری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے لئے سیز فائر کوئی متبادل حل نہیں اور سب سے پہلے دونوں ممالک کو مسائل کی شناخت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کیساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم مسائل موجود ہیں جنہیں حل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال خطے میں تیزی سے بدلتی جارہی ہے اور پاکستان اور بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے میںا من قائم کرنے کیلئے اب سنجیدگی کیساتھ اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو جمع نہیں کیا جاسکتا بلکہ ان کے حل کیلئے کارگر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جیسا کہ پاکستانی وزیراعظم تمام ممالک میں تعینات ہائی کمشنروں سے تاکید کی ہے کہ وہ مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کو بھارتی حکومت نے کشمیر پر فوج کشی کرکے انہیں 1947 میں دیئے گئے حق سے محروم کردیا اور کشمیری گزشتہ ستر سالوں سے اس سلب شدہ حق کی بازیابی کیلئے جاں ومال کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔