لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر درخواستگزار کے وکیل کی عدم پیشی کے باعث سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی جس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تدارک نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود موسم گرما شروع ہوتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواستوں پر حکومت نے کوئی موقف نہیں دیا بلکہ الٹا بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے اعلانات اور دعوے کئے جا رہے ہیں۔