ساہیوال/ سیالکوٹ/ سمبڑیال (نامہ نگاران) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پر شہریوں کا احتجاج۔ضلع ساہیوال میں قیامت خیز گرمی کے باوجود لوگ پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کوترس رہے شہری سارا سارادن پینے کے صاف پانی کے لیے سرگرداں رہتے ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن حکام کی جانب سے فلٹریشن پلانٹ کی مرمت کا کہہ کر انہیں پانی سے محروم کیاہوا ہے ۔کروڑوں روپے کی ترقیاتی اسکیمات بھی بے سود ثابت ہوچکی ہیں اور شہری نالیوں اور جوہڑوں کا گندہ اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ اضافہ نے شہریوںکی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں میپکوحکام گرمی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ضلع ساہیوال کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دئے تاکہ ساہیوال کے شہری رمضان المبارک میں عبادات بغیر کسی پریشانی کے اداکرسکیں۔ سمبڑیال/ سیالکوٹ میں بجلی کی 132KV ٹرانسمیشن لائن ٹوٹنے سے سمبڑیال وگردونواح میں 16 گھنٹے مسلسل بجلی بند رہی ، شہری بلبلا اٹھے ، علی الصبح گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہوگیا۔ گزشتہ رات 9بجے بجلی کی 132KVٹرانسمیشن لائن ٹوٹ جانے سے سمبڑیال وگردونواح اندھیرے میں ڈوب گیا ساری رات بچے ،خواتین ،بوڑھے گرمی اور حبس سے بلبلا اُٹھے ،ساری رات گیپکو کا کو ئی ملازم تاروں کو ٹھیک کرنے نہ پہنچ سکا۔ اس سلسلہ میں ایس ڈی اوگیپکو سمبڑیال نے بتایا کہ لائن مرمت کاکام رات کو کرنا بہت مشکل تھا ، صبح ہوتے ہی عملے نے لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا تھا اورمرمت کے بعد بجلی بحال کردی گئی ہے ۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافے پرشہری بلبلا اٹھے، پانی بھی نایاب
May 15, 2018