حکومت برآمد کنندگان کو 100 ارب روپے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کرد ے گی: مفتاح اسماعیل

کراچی (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ رخصتی سے قبل حکومت برآمد کنندگان کو سیلز ٹیکس کی مد میں 100ارب روپے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کردے گی، منگل کو وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے منظورکرالیا جائے گا جبکہ اگلے چند روز میں برآمدکنندگان کے لئے پیکج کا اعلان بھی کریں گے جس میں برآمدکنندگان کو مراعات اور ترغیبات فراہم کی جائیں گی۔ ہفتے کو پی ایچ ایم اے ہاؤس میں کونسل آف ٹیکسٹائل ایسو سی ایشنز کے تحت برآمد کنندگان کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ رواں سال 23ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی جبکہ اگلے مالی سال میں برآمدات 28ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی۔ برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے روپے کی قدر میں کمی اور حکومت کی طرف سے دی جانے والی مراعات کے باعث مارچ میں برآمدات 24فیصد جبکہ اپریل میں 18فیصد بڑھی ہیں، تجارتی خسارہ کم کرنے کے لئے درآمدات میںمیں 5فیصد کمی اور برآمدات میں 20فیصد افزائش کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن