اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور حلقہ این اے 86کے امیدوار راجہ محمد نویدنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی، بلاول بھٹو زرادری کے بھر پور استقبال سے عوام نے ثابت کر دیا کہ آج بھی پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔پارٹی رہنماء فرحت اللہ بابر سے ملاقات ک کے دوران راجہ نویدنے کہا ہے کہ این اے 86میں سات مئی کوگوجرہ منڈی بہاوالدین میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا استقبال اس طرح کیا گیا جس طرح محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کا 1986ء میں استقبال کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کی میراث نہیں ہے،یہ ایک عوامی جماعت ہے اس پارٹی کو چھوڑنے والے تاریخ میں دفن ہو گئے ہیں،انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری کا ایجنڈا ان کے نانا کا ہی ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو روٹی کپڑا اور مکان فراہم کرنا ہے اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے،بے نظیر بھٹوکا ویژن بھی عوام کو روزگار فراہم کرکے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہی تھا جس کو بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔راجہ محمد نوید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرادری کے بھر پور استقبال سے عوام نے ثابت کر دیا کہ آج بھی پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے دن سے پیپلز پارٹی کا کارکن ہوں اور اس جماعت کے ساتھ میرا نظریاتی تعلق پوری زندگی اسی طرح قائم رہے گا۔
پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میںکامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی
May 15, 2018