انڈونیشیا: میاں بیوی اور 2 بیٹوں کا پولیس ہیڈکواٹرز پر خودکش حملہ، 2 اہلکار ہلاک

May 15, 2018

سورابایا+جکارتہ (اے ایف پی /سنہوا/ اے این این)انڈونیشیا میں 24گھنٹوں کے دوران پھر خودکش دھماکہ‘ سورابایا نامی شہر کے پولیس ہیڈ کوارٹرز پر 2موٹرسائیکلوں پر سوارمیاں بیوی اور ان کے 2بیٹوں نے حملہ کیاجس کے نتیجہ میں 2اہلکار ہلاک اور 4پولیس اہلکار اور 6عام شہری شدید زخمی ہوگئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔واضح رہے گزشتہ روز بھی سورابایا میں ہی 2گرجا گھروں پرخودکش حملوں میں 13افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اس حملہ میں بھی میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے خود کو اڑایا تھا۔تفصیلات کیمطابق انڈونیشین شہر سورابایا میں گزشتہ روز 2موٹرسائیکلوں پر سوار خودکش بمباروں نے پولیس ہیڈکوارٹر میں گھس کو خود کو دھماکے سے اڑالیا ، چینی خبررساں ادارے کیمطابق مقامی پولیس ترجمان فرانسبارونگ نے کہا ہے کہ صبح 8بج کر 50منٹ پر پولیس اہلکار گیٹ پر موٹرسائیکل سوار جوڑے کے کاغذات چیک کر رہے تھے کہ خاتون نے اتر کر کمپائونڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر دھماکہ کر دیا۔ اے ایف پی کیمطابق انڈونیشین پولیس چیف ٹیٹو کارناویان کا کہنا ہے کہ حملہ آور 2موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، ایک موٹرسائیکل پر خاتون اسکا شوہراور ان کی 8سالہ بچی جبکہ دوسرے موٹرسائیکل پر ان کے 2بیٹے سوار تھے۔ ماں باپ اور دو بیٹے دھماکہ میں ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی کمسن بیٹی شدید زخمی ہوگئی اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ میں 4پولیس اہلکاروں سمیت 10افراد زخمی بھی ہوئے۔سکیورٹی اہلکاروں اور دیگر متعلقہ اداروںنے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ، دھماکے کے بعد حساس مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔

مزیدخبریں