فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے نجی موبائل کمپنی، بینک اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین کے ساتھ سازباز کر کے بائیومیٹرک مشینوں وغیرہ کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ کی رقم ہڑپنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے بائیومیٹرک مشینیں، موبائل فونز، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن لسٹیں اور نادرا تصدیقی فارم بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر چک 276گ۔ب تحصیل جڑانوالہ میں چھاپہ مار کر ملزمان منور علی اور محمد یٰسین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس فراڈ میں ملوث ان کے دیگر ساتھیوں محمد بوٹا، رفیق ڈوگر اور محمد اسلام کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ ملزمان نجی موبائل کمپنی، نجی بینک اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین کے ساتھ مل کر بائیومیٹرک مشینوں کے ذریعے غریب اور مستحق خواتین اور خاندانوں کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ہڑپ کر رہے تھے۔
فیصل آباد: بے نظیر انکم سپورٹ رقم ہڑ پ کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
May 15, 2018