کوئٹہ دہشتگردی پاکستان دشمن ایجنٹوں کی کارستانی ہے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی ترجمان نے سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں مسجد کے باہر دہشتگردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے چار پولیس اہلکاروں کی شہادت اور گیارہ نمازیوں کے زخمی ہونے کی مذموم کاروائی کو پاکستان کے ازلی دشمن کے ایجنٹوں کی کارستانی قراردیا ہے، ایک بیان میں انہوں نے باورکرایا کہ پاک فوج کیرد الفساد آپریشن کے باوجود کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا قتل عام ،لاہور میںداتا دربار کے قریب خود کش دھماکہ ،گوارد کے فائیو سٹار ہوٹل پر دہشتگردوں کا ناکام حملہ اور گزشتہ روز کوئٹہ میںمسجد کے باہر دہشتگردی کا المناک واقعہ حکومت کے سیکیورٹی اقدامات پر سوالیہ نشان ہے؟انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی ارباب اقتدار کو حال ہی میں باورکرا چکے ہیں کہ کالعدم گروپوں کی محض فہرستیں جاری کرنا کافی نہیں بلکہ انسانیت کے قاتل دہشتگردوں کو جن کا کوئی مذہب،مکتب اور ملک نہیں شکنجے میں جکڑنے اور نیشنل ایکشن پلان کی ہرشق پر اسکی روح کے مطابق عمل کیے بغیر وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کا خواب ہر گز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

ای پیپر دی نیشن