پشاور، اسلام آباد (ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صدر امیر مقام کے صاحبزادے اشتیاق امیر مقام کو اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ اینٹی کرپشن عدالت نے اشتیاق امیر مقام کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے نے ملزم اشتیاق کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بیٹے کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے۔ حکومت اور وزیر مواصلات کے ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ عمران خان اور اس کے چہیتے مراد سعید کی ایما پر میرے خلاف اداروں کو استعمال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ شہباز شریف نے ایک بیان میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب بڑوں سے سیاسی مخالفتوں کا انتقام بچوں سے لینا کم ظرفی کی انتہا ہوتی ہے، حکومت انتقام میں اندھی،گونگی اور بہری ہوچکی ہے، نیب کے بعد اب آیف آئی اے کو سیاسی انتقام کا ذریعہ بنانا ماضی واپس لے آیا ہے۔ امیر مقام کو نوازشریف، شہباز شریف اور (ن) لیگ کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے لیکن امیر مقام اور ان کے بچے ببر شیر ہیں، سیاسی لومڑ ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے شیروں کا وقت آرہا ہے، مخالفین میدان سے بھاگ رہے ہیں۔ اذیت پسند حکمرانوں کو شاید صرف عوام کی چیخیں پسند ہیں، مہنگائی کو قابو نہ کرسکنے والے اپوزیشن کے بچوں کو بھی گرفتار کرنے میں مصروف ہیں، ہم ڈٹ کر حکومت کے ملک اور قوم کے خلاف ظلم کی ترجمانی کرتے رہیں گے، منافقت اور دو نمبری والا نیا پاکستان نہیں چاہیے۔ آپ تو مہنگائی، بیروزگاری اور افراط زر کو قابو کرنے آئے تھے، آپ نے لوگوں کو گھر، روزگار اور روٹی دینے کے وعدے کیے تھے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، پشاور میٹرو میں اربوں کی کرپشن نظر نہیں آتی، فکر نہ کرو تمہارا یوم حساب بھی قریب ہے، ہمارے خلاف کچھ نہیں نکلا، مگر آپ کیخلاف تو انبار لگے ہیں۔ دوسری جانب پشاور میں امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ کارکنوں نے حکومت اور ایف آئی اے کے خلاف نعرے لگائے۔