تہران(اے پی پی) ایران نے یوم نکبہ کی مناسبت سے فلسطینی قوم سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز اسرائیلی ریاست عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے اور یہ تمام علاقائی بحرانوں کی جڑ ہے۔ایرانی دفترخارجہ کے بیان کے مطابق 71 سال پہلے فلسطینی سرزمین میں اسرائیلی کے ناجائز وجود کا اعلان کیا گیا جس کی وجہ سے آج علاقائی امن اور عالمی سلامتی کو بڑا خطرہ لاحق ہے، 14 مئی 1948ء میں دنیا اور بالخصوص عالم اسلام نے تاریخ کے دردناک ترین واقعے کا سامنا کیا جس کے بعد فلسطینی عوام ہرگز چین اور امن سے زندگی نہ گزارسکے۔71 سال پہلے ایک گروہ نے نسل پرستی اور انتہاپسندانہ سوچ کو بنیاد بنا کر فلسطینی سرزمین پر قبضہ جمایا اور یہاں کے باشندوں بشمول مرد، خواتین اور بچوں کا بے دردی سے قتل کا آغاز کیا یا انھیں گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا۔دفترخارجہ نے کہا کہ اس واقعے کو یوم نکبہ کا نام دیا گیا اور یہ وہ دن ہے جس کے بعد فلسطینی عوام پر بڑے بڑے ظلم ہوئے۔