لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق اولمپیئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سابق سیکرٹری آصف باجوہ کی ایک مرتبہ پھر تقرری کو قومی کھیل کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ سابق کپتان اولمپیئن ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ فنڈز کے بغیر پاکستان ہاکی میں بہتری ناممکن ہے۔ نئے سیکرٹری کے لیے قومی کھیل کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہوگی جس کے لیے انہیں سپ سے پہلے ڈومیسٹک ہاکی کو ٹھیک کرنے کیساتھ ساتھ نیشنل لیول کے ٹورنامنٹ کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ماضی میں بھی آصف باوجوہ نے نیشنل ہاکی پر توجہ دی تھی امید ہے کہ اس مرتبہ پھر وہ ڈومیسٹک کھیل کو ترقی دیں گے جس سے ڈیپارٹمنٹ میں کھلاڑیوں کی جاب اور انہیں روزگار ملے گا۔ سابق کپتان اولمپیئن محمد سرور کا کہنا تھا کہ آصف باجوہ کو قومی کھیل کی ترقی کے لیے مزید کام کرنا ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو تین سے چار ٹورنامنٹس کرائے جس سے ڈیپارٹمنٹ میں ہاکی بحال ہوگی۔ سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اجمل لودھی کا کہنا تھا کہ آصف باجوہ کے آنے سے حکومتی سطح پر اور ہاکی کے حلقوں میں ایک مرتبہ پھر اعتماد کی فضا پیدا ہوگی جس سے کھیل ترقی کرئے گا۔ پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر اسد عابس کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی میں آنے والی تبدیلی سے قومی کھیل پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔