رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو شیئرز مارکیٹ میں کاروبار حصص پر سے وفاقی حکومت کی جانب سے کالادھن سفید کرنے کی اسکیم متعارف کرانے کے بعدمندی کے بادل چھٹ گئے اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج میںاتارچڑھائو کے بعدزبردست تیزی رہی، 66.97فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ہوا،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت4.90فیصدزائد رہا۔تیزی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس کی33900،34000،34100اور34200کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،تیزی کے باعث مارکیٹ سرمایہ میں 76 ارب 38 کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوا۔بدھ کو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ملے جلے رجحان سے ہوئے تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے کالادھن سفید کرنے کی اسکیم متعارف کرانے کے بعدمقامی سرمایہ کار گروپ مارکیٹ میں سرگرم نظرآئے اورتوانائی،سیمنٹ،بینکنگ، فوڈزاور کیمیکل سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں کئی دنوں سے مارکیٹ میں چھائی مندی کے بادل چھٹ گئے ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس34443پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھاگیاتاہم پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکاتاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارادن جاری رہا،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس406.56پوائنٹس اضافے سے 34291.65 پوائنٹس پر بندہوا۔کے ایس ای30انڈیکس240.29پوائنٹس اضافے سے16281.99پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1454.88پوائنٹس اضافے سے54292.67پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس275.77پوائنٹس اضافے سے 25285.41 پوائنٹس پربندہوا ۔ بدھ کومجموعی طور پر327کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے219کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ، 98 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ10کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بدھ کومجموعی طور پر 11 کروڑ 8 لاکھ 86 ہزار 460 شیئرز کاکاروبارہوا،جومنگل کی نسبت 51لاکھ79ہزار780شیئرززائدہیں۔ مارکیٹ سرمایہ میں 76 ارب 38 کروڑ 29 لاکھ 63 ہزار 900 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر70کھرب2 ارب34 کروڑ 14 لاکھ 46 ہزار 842 روپے ہوگئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتارچڑھائو کے بعدزبردست تیزی
May 15, 2019 | 22:51