ایس او پیز پر عمل واحد آپشن ورنہ لاک ڈاؤن سخت کر دینگے: گورنر سرور

لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا جبکہ ابواء ہسپتال کے ایم ڈی خرم افتخار نے ماسک سمیت کرونا سے بچاؤ کیلئے 3.5ملین روپے کا حفاظتی سامان گورنر پنجاب کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز سنٹرل پولیس آفس میں سرور فاؤنڈیشن اور الخیر فاؤنڈیشن کے فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور وائس چیئر پرسن سرور فاؤنڈیشن بیگم پروین سرور سمیت پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے جبکہ گورنر ہاؤس لاہور میں ابواء ہسپتال کے ایم ڈی خرم افتخار نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور انکو ڈاکٹرز کیلئے پی پی ای کٹس، ماسک اور سینی ٹائزرسمیت دیگر تین ملین روپے سے زائد کا سامان دیا ہے۔ ابوا ہسپتال کے ایم ڈی خرم افتخار اور سنٹرل پولیس آفس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کروناسے بچاؤ کے لیے غیر سنجیدگی کی وجہ سے آنیوالے دنوں میں مزید خطرناک حالات پیدا ہوسکتے ہیں اس لیے ہمارے پاس کرونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کر نے کے سواکوئی آپشن نہیں ورنہ لاک ڈاؤن دوبارہ بھی سخت کر دیں گے تاکہ عوام کو مہلک بیماری سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں جیلوں اور پولیس لائنز میں بھی فلٹریشن پلانٹس لگا رہے ہیں اور پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی بھی کام کا آغاز کر چکی ہے اور بلوچستان میں بھی الخیر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 4فلٹر یشن پلانٹس لگا رہے ہیں۔ الخیر فانڈیشن نے 20فلٹر یشن کا عطیہ کیا ہے انکا شکر یہ اداکرتے ہیں اور ان میں سے4فلٹر یشن پلانٹس بلوچستان میں لگائے جا رہے ہیں جن پر کام کا باقاعدہ آغاز بھی ہو چکا ہے۔ اس موقع پر بیگم پروین سرور نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن پاکستان میں پینے کا صاف پانی فراہم کر نیوالی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے۔ الخیر فاؤنڈیشن نے ہمارے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے جسکے تحت ہم انکے ساتھ ملکر 20فلٹر یشن پلانٹس لگائیں گے۔ سرور فاؤنڈیشن ہر روز مختلف شہروں میں فلٹر یشن پلانٹس کے ذریعے 2ملین سے زائد افرادکو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن