لاہور+راولپنڈی+ شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی+نامہ نگار+صباح نیوز) لاہور،راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت ،فیصل آباد، جھنگ، شور کوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مہاراجہ، پیر محل، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، کمیر اور نور شاہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں سے موسم سرد ہوگیا لیکن بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد اور اس کے گرد و نواح میں13فیڈرز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی ہے۔ترجمان فیسکو کا کہنا ہے کہ لائن سٹاف کو متعلقہ گرڈ سٹیشنوں پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیںراولپنڈی میں جمعرات کی صبح سے رات تک شدید بارش ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق بارشی پوائنٹ بوکڑہ میں 104 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی نالہ لئی میں پانی کی انتہائی سطح نیو کٹاریاں پل پر 14 فٹ اور گوالمنڈی پل پر11 فٹ تک پہنچ گئی جس کے ساتھ ہی شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رین پری الرٹ جاری کردیا گیا تاہم تیزی سے نالہ لئی کی سطح نیچے بھی آگئی جس کے باعث شہر اور کینٹ میں نالہ لئی کے اطراف مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کیلئے رین الرٹ جاری نہ کیا گیا۔ واسا کے افسران کمیٹی چوک انڈر پاس ، مری روڈ اصغر مال چوک پر پانی جمع ہونے کی اطلاع پر پہنچ گئے اور سکر مشینوں نے کھڑا پانی نکال دیا صادق آباد چوک ، شمس آباد ، ڈبل روڈ ، صدر کینٹ ، مریڑ چوک ، کچہری چوک ، جہلم روڈ ، بنی چوک ، باغ سرداراں ،ہولی فیملی ہسپتال روڈ ، نیو کٹاریاں سمیت شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور چوک دریا کا نقشہ پیش کرنے لگے ۔عام گلیوں ، محلوں میں ایک ایک فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا جس سے پیدل افراد کو چلنے میں مشکلات پیش آئیں۔ادھر شیخوپورہ کے نواحی گائوں ککڑ گل میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان کے برآمدے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 9بچے اور پانچ خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں اہل علاقہ اور ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
لاہور سمیت کئی شہروںمیں بارش،شیخوپورہ ،چھت گرنے سے14افراد زخمی
May 15, 2020